بھوپال27 جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سیاست میں پرینکا گاندھی کی انٹری اور بالی وڈ کے چہروں کو لے کر متنازعہ بیان دینے والے کیلاش وجے ورگی پر کانگریس نے جوابی حملہ کیا ہے۔بی جے پی لیڈر کیلاش وجے ورگی نے متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ کانگریس اگلا انتخابات چاکلیٹی چہروں کے دم پر لڑنا چاہتی ہے، لیکن اب مدھیہ پردیش سرکار کے وزیر سجن سنگھ ورما نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے پاس چکنے چہرے نہیں ہیں۔سجن سنگھ ورما نے کہا کہ بی جے پی کی بدقسمتی ہے کہ ان کی پارٹی میں کھردرے چہرے ہیں، ایسے چہرے جنہیں لوگ مکمل طورپر ناپسند کرتے ہوئے مکروہ سمجھتے ہیں، ایک ہیما مالنی ہیں، ان سے جگہ جگہ پر ’شاستری نرتیہ (رقص)کرواکر ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ سجن کمار نے پرینکا گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میرا یہ کہنا ہے خدا انسان کو جنم دیتا ہے. اس بات کی تعریف ہونی چاہئے کہ خدا نے پرینکا گاندھی کو اتنا خوبصورت بنایا ہے، جس سے انسانیت اور پیار جھلکتا ہے۔ ایسے الفاظ کا استعمال کرکے کیلاش وجے ورگی اور بی جے پی اپنے وقارکو مجروح کررہے ہیں ۔ کل ایسی خبریں آئی تھیں کہ بی جے پی کے سینئر لیڈر کیلاش وجے ورگی نے کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی کی شکل و صورت کو لے کر ناروا تبصرہ کیا تھا۔ اگرچہ، وجے ورگی نے اپنے ایسے کسی بیان سے انکار جس پر نیوز ایجنسی پی ٹی آئی نے اپنی خبر سے ان کے قابل اعتراض تبصرہ کو ہٹا لیا تھا؛ لیکن بعد میں جو خبر آئی اس کے مطابق کیلاش وجے ورگی نے کہا کہ کانگریس بالی ووڈ فنکاروں کے چاکلیٹی چہروں کے دم پر اگلا لوک سبھا انتخابات لڑنا چاہتی ہے ۔